مظفر پور ،8؍جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) بہار کے مظفر پور ضلع میں آج آبکاری محکمہ کے حکام نے ایک ٹرک سے انگریزی شراب کے 550کارٹن ضبط کئے ہیں۔آبکاری سپرنٹنڈنٹ دین بندھونے بتایا کہ معلومات پر آبکاری محکمہ کی ٹیم نے مڑوا گاؤں میں چھاپہ مارا اور ایک ٹرک سے آج صبح تقریبا ایک کروڑ روپے قیمت کی شراب ضبط کی۔انہوں نے بتایا کہ آلو کے تھیلے کے درمیان شراب کے کارٹن کو چھپا کررکھا گیا تھا۔آبکاری ٹیم نے گاڑی کے ڈرائیور اور کھلاسی کو گرفتار کر لیا ہے۔بہار مدی ممنوع اور ایکسائز قانون 2016 کے مطابق ریاست میں شراب پر مکمل پابندی لاگو کی گئی ہے۔ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے پر کم از کم آٹھ سال کی سزا کا قانون ہے جسے 10 سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ 10 لاکھ روپے تک کا جرمانہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔